سی بی آئی کے خوف سے کئی بڑے لیڈران وزیراعلیٰ سے مل گئے ہیں:شیوپال سنگھ یادو
لکھنؤ23اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کی اکھلیش یادو حکومت سے آج برخاست کئے گئے سماج وادی پارٹی)ایس پی)کے ریاستی صدر شیو پال یادو نے اس کارروائی کے بعد کہا کہ انہیں برخاستگی کی فکر نہیں ہے اور سماج وادی پارٹی کے تمام لوگ تحمل سے کام کرتے ہوئے ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی قیادت میں اگلی حکومت بنانے کے لیے انتخابی میدان میں جائیں گے۔اپنے بھتیجے وزیراعلیٰ اکھلیش یادوکی طرف سے برخاست کئے گئے شیوپال یادونے اپنے خلاف ہوئی اس کارروائی کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ انہیں برخاستگی کی کوئی فکر نہیں ہے۔اب تو انتخابات سامنے ہیں اور سماج وادی پارٹی کے کارکنان پوری مضبوطی سے انتخابی میدان میں جائیں گے۔وزیراعلیٰ اکھلیش کو واضح پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عوام ہمارے ساتھ ہے۔ہم ایک بار پھر نیتا جی(ملائم یادو)کی قیادت میں 2017میں حکومت بنائیں گے۔ایس پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کی طرف سے کل بلائی گئی اہم میٹنگ میں بڑا فیصلہ ہوسکتاہے۔شیو پال نے کسی کا نام لئے بغیر الزام لگایا کہ سی بی آئی کی تحقیقات سے بچنے کیلئے بڑے لیڈر بی جے پی سے مل گئے ہیں۔اکھلیش ان کی چال نہیں سمجھ پا رہے ہیں۔مانا جا رہا ہے کہ ان کا اشارہ ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری اوراکھلیش کے حامی رام گوپال یادو کی طرف ہے۔نوئیڈاکے سابق چیف انجینئریادو سنگھ کی طرف سے کروڑوں روپے کے گھوٹالے کیس کے چھینٹے رام گوپال پر بھی پڑے تھے۔فی الحال سی بی آئی اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔